ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو : پارٹ ٹائم کام کے بہانے لوٹنے والے پانچ ملزمین گرفتار

منگلورو : پارٹ ٹائم کام کے بہانے لوٹنے والے پانچ ملزمین گرفتار

Sat, 16 Nov 2024 17:50:18  SO Admin   S.O. News Service

منگلورو ،16 / نومبر (ایس او نیوز) پارٹ ٹائم کام کے ذریعے کمائی کا جھانسہ دے کر لوگوں سے رقم اینٹھنے والے گروہ کے پانچ ملزمین کو کوناجے پولیس کی ٹیم نے گرفتار کر لیا ۔
    
اطلاعات کے مطابق پارٹ ٹائم جاب فراڈ کرنے والے چار ملزمین کو پولیس نے میسورو کے اودیا گری علاقے سے اور ایک ملزم کو بینگلورو کے نیلسندرا سے گرفتار ہے جن کے نام سید محمود، شعیب، محمد شارق احمد، محسن احمد خان اور محمد اعظم بتائے گئے ہیں ۔
    
بتایا جاتا ہے کہ 21 جولائی 2024  کو پولیس کے پاس ایک شکایت درج کروائی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ وہاٹس ایپ میسیج کے ذریعے  پارٹ ٹائم کام دینے کا وعدہ کرنے کے بعد ٹیلیگرام ایپ کی لنک بھیج کر مختلف قسم کی ہدایات دیتے ہوئے دھیرے دھیرے شکایت کنندہ سے 28,18,065 روپے مختلف اکاونٹس میں ٹرانسفر کروائے گئے ۔ 
    
کوناجے پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر راجیندرا بی کی تفتیش سے پتہ چلا کہ شعیب نامی ملزم کے تعلقات دستگیر نامی شخص سے ہیں جسے بینک لون دلانے کے وعدے اور ہر اکاونٹ کے بدلے دس ہزار روپے لے کر  وہ سم کارڈس اور بینک کھاتے فراہم کرتا تھا ۔  
    
مزید تحقیق سے پتہ چلا کہ ایئرٹیل میں پروڈکٹ ٹرینر کی ذمہ داری نبھانے والا سید محمود بھی اس معاملے میں ملوث ہے ۔ اس نے بھی بیس ہزار روپے کے بدلے دو سم کارڈ شعیب کو فراہم کیے تھے۔  دوسرے ملزمین بھی اسی انداز میں اس جال کا حصہ بن گئے ۔ 
    
پولیس تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ کچھ رقم لے کر اپنے بینک کھاتے آن لائن دھوکہ دہی یا سائبر فراڈ کا جال چلانے والوں کو فروخت کرنے کے معاملے میں میسورو کے شانتی نگر، نہرو نگر، راجیو نگر اور بینگلورو کے نیلسندرا علاقے کے لوگ ملوث ہو رہے ہیں ۔ اس کی وجہ سے سائبر فراڈ  معاملوں کا گراف بڑھتا جا رہا ہے ۔ 


Share: